سنجے کی کمائی، مادھوری کا دیوانہ
سنجے کی کمائی، مادھوری کا دیوانہ
خان نے ’اوم شانتی اوم‘ میں اکتیس اداکاروں کو تحفے دیے تھے
ایک کروڑ روپے مالیت کی بینٹلی کار اگر کوئی آپ کو تحفہ میں دے تو کیا آپ انکار کریں گے؟ نہیں نا لیکن شاہ رخ خان نے فلمساز روی چوپڑہ سے کار لینے سے انکار کر دیا۔خان چوپڑہ کی آنے والی فلم ’بھوت ناتھ‘ میں مہمان اداکار کا کردار کر رہے ہیں۔ویسے بھی اکثر بڑے اداکار جب مہمان اداکار کا رول کرتے ہیں تو فلمساز سے اس کی قمیت وصول نہیں کرتے اس لیے فلمساز انہیں کوئی نہ کوئی تحفہ دے دیتے ہیں۔خان نے اپنی فلم ’اوم شانتی اوم‘ میں اکتیس اداکاروں کو تحفہ دیے تھے لیکن اب انہوں نے چوپڑہ سے کار لینے سے یہ کہہ کر منع کر دیا ہے کہ انہوں نے فلم میں کام دوستی کی خاطر کیا ہے۔اب کوئی خان کو سمجھائے کہ تحفہ لینے سے انکار کرنا بدتہذیبی ہے اور وہ بھی بینٹلی کار۔۔۔۔۔۔

کرینہ آنٹی

آنٹی مت کہو نا! ہمیں یقین ہے کرینہ سیف کے بچوں سارہ اور ابراہیم سے یہی کہتی ہوں گی۔ ہمیں نہیں پتہ ہم تو مذاق کر رہے تھے لیکن اصل بات یہ ہے کہ آج کل کرینہ سیف کے بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزار رہی ہیں لیکن وہ خود پر آنٹی کا لیبل لگا ہوا نہیں دیکھنا چاہتی ہیں شاید اسی لیے ان کے ساتھ کسی بھی پروگرام میں آج تک نظر بھی تو نہیں آئیں۔۔