موٹاپا، کینسر کی جانچ میں حائل
موٹاپا، کینسر کی جانچ میں حائل
برطانیہ میں پروسٹیٹ کینسر کے تیرہ فیصد مریض موت کا شکار بنتے ہیں
تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موٹے اشخاص میں خون کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے اینٹیجن (اس بیماری کے خلاف جسم میں پایا جانے والا مدافعتی مادہ) کی مقدار کم ہوجاتی ہے۔

پروسٹیٹ کینسر مردوں میں عام پایا جاتا ہے۔ یہ کینسر پروسٹیٹ غدود کو متاثر کرتا ہے جو کہ مردوں میں مثانے کی تھیلی کے قریب پایا جاتا ہے۔

اس تحقیق کی اشاعت امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن نامی رسالے میں ہوئی ہے۔ اس رپورٹ کی تیاری کے دوران چودہ ہزار مریضوں کو شامل تحقیق کیا گیا۔

اس رپورٹ کی مدد سے اس نکتے کی وضاحت کا بھی امکان ہے کہ کینسر کی ابتدائی سطح پر رسولیوں کی نشاندہی نہ ہونے کے سبب موٹے افراد میں کینسر کی نوعیت اتنی شدید کیوں ہوتی ہے۔

پروسٹیٹ سپیسیفک اینٹیجن یا پی ایس اے کے ٹیسٹ کو عام طور پر زیادہ قابل بھروسہ خیال نہیں کیا جاتا ہے۔ حالیہ تحقیقاتی رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ پی ایس اے کے ٹیسٹ کے دوران کبھی کبھار پروسٹیٹ کینسر کی جانچ ہونے سے رہ جاتی ہے۔